فٹنس کے شوق نے ڈالا خطرے میں، نوجوان فالج کا شکار

0
16
فٹنس کے شوق نے ڈالا خطرے میں، نوجوان فالج کا شکار

صحت مند رہنے کے لیے ورزش کو نہایت اہم سمجھا جاتا ہے، تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ حد سے زیادہ ورزش جسم کے لیے خطرناک بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
حال ہی میں بھارت کے شہر ناگپور میں پیش آنے والے ایک واقعے نے اس معاملے کو نمایاں کر دیا، جہاں 23 سالہ ایک نوجوان شدید ورزش کے باعث دماغی شریان پھٹنے سے فالج کا شکار ہو گیا۔ بروقت علاج کی بدولت اس کی جان تو بچ گئی، مگر یہ واقعہ فٹنس کے شوقین افراد کے لیے ایک سنجیدہ وارننگ ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق انسانی جسم ایک خاص حد تک ہی جسمانی دباؤ برداشت کر سکتا ہے۔ اگر ورزش کے دوران اس حد کو مسلسل نظر انداز کیا جائے اور جسم کو مناسب آرام نہ دیا جائے تو اس کے منفی اثرات سامنے آ سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش دراصل جسم پر ایک محدود دباؤ ڈالتی ہے، جو اسے مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔ لیکن جب یہ دباؤ حد سے تجاوز کر جائے اور ریکوری کا وقت نہ ملے تو جسم کی بحالی کا نظام متاثر ہو جاتا ہے، جس سے پٹھوں کی چوٹیں، ہارمونز کا عدم توازن اور مدافعتی نظام کی کمزوری پیدا ہو سکتی ہے۔
زیادہ ورزش ذہنی صحت پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔ مسلسل جسمانی تھکن اور آرام کی کمی سے اسٹریس ہارمونز میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں بے چینی، چڑچڑاپن، تھکن اور نیند کی خرابی جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔
طبی ماہرین مزید بتاتے ہیں کہ کچھ حالات میں شدید ورزش، پانی کی کمی اور بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ دماغی بیماریوں جیسے برین ہیمبرج کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں، جو فالج کا باعث بن سکتا ہے۔
اس کے علاوہ “اوور ٹریننگ سنڈروم” بھی ایک اہم مسئلہ ہے، جس میں مسلسل زیادہ ورزش کے باعث کارکردگی بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو جاتی ہے۔ اس کیفیت میں انسان مستقل تھکن، کمزوری، توجہ کی کمی اور نیند کے مسائل کا شکار رہتا ہے، اور اس سے بحالی کے لیے طویل آرام اور طرزِ زندگی میں تبدیلی ضروری ہوتی ہے۔
ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جسم کی اصل بہتری ورزش کے دوران نہیں بلکہ آرام کے دوران ہوتی ہے، اس لیے متوازن فٹنس روٹین اپنانا انتہائی ضروری ہے۔
صحت مند زندگی کے لیے چند اہم ہدایات:
روزانہ 7 سے 9 گھنٹے نیند لیں
متوازن غذا اور مناسب مقدار میں پانی کا استعمال کریں
جسم کی تھکن اور کمزوری کے اشاروں کو سنجیدگی سے لیں اور ضرورت پڑنے پر آرام کریں
ماہرین کے مطابق بہترین فٹنس کا راز زیادہ ورزش میں نہیں بلکہ متوازن طرزِ زندگی میں پوشیدہ ہے، جہاں ورزش، آرام، غذا اور ذہنی سکون میں ہم آہنگی ہو۔

Leave a reply