فلسطینی ریاست کا قیام ان کا حق ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا واضح موقف

0
98
فلسطینی ریاست کا قیام ان کا حق ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا واضح موقف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے لیے ایک آزاد اور خود مختار ریاست کا قیام ان کا بنیادی حق ہے، نہ کہ کوئی انعام۔ انہوں نے کہا کہ اس حق سے انکار دراصل انتہا پسندوں کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جاری فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے ایک بار پھر دو ریاستی حل کی حمایت کی اور کہا کہ یہی واحد راستہ ہے جس سے پائیدار امن ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو آزاد ریاستیں ایک دوسرے کو تسلیم کرتے ہوئے عالمی برادری کا حصہ بنیں، یہی خطے میں دیرپا استحکام کی ضمانت ہے۔

انتونیو گوتیرس نے مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس عمل کا کوئی جواز نہیں، اور یہ امن کے امکانات کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے بستیوں کی توسیع فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔

سیکرٹری جنرل نے جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الحاق کا خطرہ اور آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ نیویارک میں جاری فلسطین کانفرنس کی صدارت فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کر رہے ہیں۔ فرانسیسی صدر نے اپنے خطاب میں فلسطین کو ایک خود مختار ریاست تسلیم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

Leave a reply