غزہ بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس 19 فروری کو امریکا میں متوقع

0
21
غزہ بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس 19 فروری کو امریکا میں متوقع

غزہ سے متعلق سفارتی سطح پر ایک نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت غزہ بورڈ آف پیس کا پہلا باضابطہ اجلاس 19 فروری کو امریکا میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بورڈ کے تمام رکن ممالک کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن میں غزہ بورڈ آف پیس اور غزہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کی میزبانی کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس بین الاقوامی بورڈ میں 25 ممالک شامل ہیں جبکہ صدر ٹرمپ خود اس کے چیئرمین کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
اگرچہ اجلاس کا باضابطہ ایجنڈا ابھی تک جاری نہیں کیا گیا، تاہم امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ بورڈ آف پیس کا قیام صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے گئے غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کی کوششوں کا حصہ ہے۔ مجوزہ منصوبے میں غزہ کی تعمیرِ نو، امن و استحکام اور حماس کو غیر مسلح کرنے جیسے اہم نکات شامل ہیں۔
سیاسی و سفارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کی تشکیل اور اس کا پہلا اجلاس مشرقِ وسطیٰ میں جاری صورتحال کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، جس کے ممکنہ اثرات غزہ کے مستقبل، علاقائی سیاست اور عالمی سفارتی تعلقات پر پڑ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 22 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر غزہ بورڈ آف پیس کے مسودے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی تھی، جس میں متعدد ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، بحرین، مراکش، ارجنٹینا اور آرمینیا کے رہنماؤں نے بھی مسودے پر دستخط کیے تھے۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، ازبکستان، پیراگوئے، آذربائیجان، بلغاریہ، ہنگری، انڈونیشیا، اردن، قازقستان، کوسوو اور منگولیا بھی اس معاہدے کے دستخط کنندہ ممالک میں شامل ہیں۔

Leave a reply