
ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں تاحال نمایاں کمی نہیں ہوسکی، جس کے باعث صارفین کو مہنگے داموں گیس خریدنا پڑ رہی ہے۔ مختلف شہروں میں ایل پی جی 520 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ بعض مقامات پر قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور میں دکانداروں کی ہڑتال کے باعث ایل پی جی کی دکانیں دوسرے روز بھی بند رہیں۔ کوئٹہ میں قیمت 30 روپے کمی کے بعد 520 روپے فی کلو ہوگئی، جبکہ پشاور میں 570، اٹک، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 600 روپے فی کلو نرخ برقرار ہیں۔ کراچی میں ایل پی جی 550 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔
دوسری جانب مرغی کا گوشت بھی مہنگا ہوگیا ہے۔ کراچی میں قیمت 740، لاہور میں 640 اور کوئٹہ میں 650 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی۔
عمان سے ایل پی جی لے کر آنے والے دو بحری جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں، جس سے آئندہ دنوں میں قیمتوں میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے۔ تاہم، صارفین کو ریلیف ملنے کا انحصار مقامی منڈی میں رسد اور قیمتوں کی صورتحال پر ہوگا۔









