صدر مملکت کا پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس سے خطاب

0
32
صدر مملکت کا پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، جو انکا نواں خطاب تھا جب انہوں نے پارلیمان سے براہ راست قوم سے خطاب کیا۔ صدر نے اپنے خطاب میں ملکی خودمختاری، آئین کی حکمرانی اور معاشی ترقی کے فروغ پر زور دیا۔
صدر نے کہا کہ قائداعظم نے آئین اور قانون کی حکمرانی پر مبنی جمہوریت کا تصور پیش کیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو ایک متفقہ آئین دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے ہر خطاب جمہوری نظام کے تسلسل اور قومی ذمہ داری کی یاد دہانی ہے۔
ملکی خارجہ پالیسی اور دفاعی امور پر گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور گزشتہ ہفتے بھارت کی طرف سے افغانستان کے راستے پراکسی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ جنگ کو آخری آپشن کے طور پر دیکھتا ہے اور اپنی سرزمین پر کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا۔
صدر نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرحدوں پر بلا اشتعال حملوں کا جواب دیا اور دشمن کو تاریخی شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے ملکی افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری اور خدمت کی بدولت قوم محفوظ ہے۔
شہداء کے اہلخانہ کے حوالے سے صدر نے کہا کہ ریاست کو چاہیے کہ وہ ان خاندانوں کی عزت اور وقار کے ساتھ مسلسل کفالت کرے۔
صدر زرداری نے کہا کہ قومی ترقی اور استحکام کے لیے ہمیں اپنی کوششیں جاری رکھنی ہوں گی اور تمام ادارے اور شہری ایک ساتھ مل کر ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے کام کریں۔

Leave a reply