“شہباز شریف کا بڑا اعلان: پاکستان ہر قیمت پر فلسطینیوں کے ساتھ ہے

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے فلسطین میں ممکنہ جنگ بندی کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے حالیہ مثبت ردعمل کے بعد جنگ بندی کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے امریکہ، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا سمیت تمام متعلقہ ممالک کے امن کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ پیشرفت کے بعد جنگ بندی کی راہ ہموار ہو رہی ہے، اور پاکستان برادر ممالک کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
دوسری جانب دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ وقت یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے نہایت اہم ہے، اور غزہ میں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی صدر کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے اسرائیل سے فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں سے ایک دیرپا جنگ بندی اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کرتا ہے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے، جس کی سرحدیں 1967 سے قبل کی حدود پر مبنی ہوں، اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکہ کی جانب سے غزہ جنگ بندی کے لیے 20 نکاتی منصوبہ پیش کیا گیا تھا، جس پر حماس نے مثبت ردعمل دیا ہے، جبکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر قبضے کے منصوبے سے پیچھے ہٹنے کے اشارے ملے ہیں۔









