شکارپور میں پولیس کی کارروائی، 9 ملزمان ہلاک، دو ڈی ایس پیز زخمی

شکارپور کے منچر شیخ علاقے میں پولیس کی کارروائی کے دوران 9 مشتبہ ملزمان ہلاک ہو گئے جبکہ دو ڈی ایس پیز زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی شکارپور کے مطابق، پولیس کو علاقے میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر چھاپہ مارا گیا۔ ملزمان کی جانب سے فائرنگ کے بعد پولیس نے بھرپور جواب دیا اور مقابلہ شروع ہو گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 9 مشتبہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور آپریشن اب بھی جاری ہے۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور کارروائی میں بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
اس دوران ڈی ایس پی گڑھی یاسین ظہور سومرو اور ڈی ایس پی سٹی پارس بکرانی زخمی ہو گئے، جبکہ چار دیگر اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے علاج کیا جا رہا ہے۔








