
ہاٹ لائن نیوز : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں میچ فکسنگ کے الزامات پر اپنی خاموشی توڑ دی۔
شعیب ملک کا بی پی ایل فرنچائز فارچیون بریشال کے ساتھ معاہدہ تھا لیکن وہ 2 روز قبل بنگلہ دیش سے دبئی چلے گئے تھے۔
اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک بیان میں شعیب ملک نے کہا کہ میں فارچیون بریشل کے ساتھ اپنی پلیئنگ پوزیشن کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتا ہوں، کپتان تمیم اقبال سے میری مکمل بات چیت ہوئی اور پھر ہم باہمی طور پر آگے بڑھے۔
شعیب ملک نے کہا کہ دبئی میں پہلے سے طے شدہ مصروفیات کی وجہ سے مجھے بنگلہ دیش چھوڑنا پڑا۔
اپنے بیان میں انہوں نے بی پی ایل ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ضرورت پڑی تو میں ٹیم کے لیے دستیاب ہوں۔
اپنے پیغام میں شعیب ملک نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں سے محتاط رہنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ میں ان بے بنیاد افواہوں کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ہر کسی کے لیے معلومات پر یقین کرنے اور پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کرنا بہت ضروری ہے، جھوٹ ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور اس سے غیر ضروری کنفیوژن پیدا ہو سکتی ہے۔









