شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کیخلاف مقدمہ درج، گاڑی کے اشتہارات پر اعتراض

راجستھان کے شہر بھرت پور میں معروف بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کو ایک قانونی شکایت کا سامنا ہے۔ مقدمہ ایک مقامی وکیل، کیرتی سنگھ کی جانب سے دائر کیا گیا ہے جنہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ دونوں اداکاروں نے ایک معروف کار کمپنی کی تشہیر کی، جس کی گاڑی خریدنے کے بعد اسے سنگین تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
مدعی کے مطابق، انہوں نے 2022 میں اشتہارات اور کمپنی کی یقین دہانی پر بھروسا کرتے ہوئے تقریباً 24 لاکھ بھارتی روپے کی گاڑی خریدی، مگر کچھ ہی عرصے میں گاڑی میں بار بار خرابیاں سامنے آنے لگیں، یہاں تک کہ حادثات کا خطرہ بھی پیدا ہوا۔ وکیل کا مؤقف ہے کہ شوروم اور کمپنی کی جانب سے ان مسائل کو حل نہیں کیا جا سکا۔
شکایت میں کار ساز کمپنی کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ ساتھ شاہ رخ خان اور دپیکا کو بھی شامل کیا گیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے ایسی پروڈکٹ کی تشہیر کی جو معیاری نہیں تھی۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔