سینیٹ کمیٹی: نان فائلرز کو اسلحہ لائسنس دینے پر شدید تحفظات

0
76
سینیٹ کمیٹی: نان فائلرز کو اسلحہ لائسنس دینے پر شدید تحفظات

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر فیصل نے نان فائلرز کو اسلحہ لائسنس جاری کیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو افراد ٹیکس ادا نہیں کرتے، وہ اسلحہ رکھنے کے اہل نہیں ہو سکتے اور اسلحہ صرف انہی لوگوں کے پاس ہونا چاہیے جو ریاست کو ٹیکس ادا کرتے ہوں۔
سینیٹر فیصل کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اسلحہ لائسنس کے اجرا اور متعلقہ پالیسی پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس میں سینیٹر طلحہ محمود نے بتایا کہ نان فائلرز کو 33 ہزار جبکہ فائلرز کو صرف 3 ہزار اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ نان فائلرز کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کیے جائیں اور اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے لیے ٹیکس کی ادائیگی کو لازمی شرط بنایا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں اسلحہ لائسنس کے تمام عمل کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر طلال چوہدری نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں بہت زیادہ لائسنس جاری کیے گئے تھے، تاہم موجودہ حکومت نے پالیسی سخت کر دی ہے اور اب صرف محدود تعداد میں لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے وارداتوں میں استعمال ہونے والے اسلحہ کے لائسنس فوری منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ منسوخی سے قبل مناسب نوٹس دیا جائے اور اگر ٹیکس ادا نہ کیا گیا تو لائسنس منسوخ کر دیے جائیں۔
اجلاس میں ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عرفان اللہ خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممبران پارلیمنٹ سے متعلق 11 کیس سامنے آئے ہیں، جن میں سے 8 کیسز میں کارروائی ہو چکی ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایک لاکھ 57 ہزار شکایات موصول ہوئیں، لیکن مقدمات کی تعداد بہت کم ہے، اور انہوں نے صوبہ وار تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Leave a reply