سینئر اداکارہ حمیرا بانو رشتۂ ازدواج میں منسلک، شوہر کی شناخت سامنے نہ آسکی

0
7
سینئر اداکارہ حمیرا بانو رشتۂ ازدواج میں منسلک، شوہر کی شناخت سامنے نہ آسکی

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیرا بانو نے اپنی شادی کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر شوہر کے ہمراہ تصاویر بھی جاری کیں، تاہم ان کے شوہر کی شناخت اور چہرہ ظاہر نہیں کیا گیا۔

تصاویر میں حمیرا بانو اپنے شوہر کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں، لیکن شوہر کیمرے کی جانب پشت کیے ہوئے ہیں۔ اداکارہ نے شادی کے موقع پر ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا۔

حمیرا بانو کا کہنا تھا کہ انسان اکثر اپنے مستقبل کے لیے منصوبے بناتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی مرضی اور منصوبہ اس سے مختلف ہوتا ہے۔ ان کے مطابق جب اللہ کی جانب سے کسی کام کا فیصلہ ہوجائے تو راستے خود آسان ہوتے چلے جاتے ہیں۔

شادی کی خبر سامنے آتے ہی ساتھی فنکاروں، دوستوں اور مداحوں نے اداکارہ کو مبارکباد دینا شروع کردی۔ مایا خان، صباحت بخاری، منشا ملک اور عرفان موری والا سمیت متعدد شوبز شخصیات نے حمیرا بانو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

حمیرا بانو طویل عرصے سے پاکستانی ٹیلی ویژن سے وابستہ ہیں اور مختلف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ انہیں بالخصوص والدہ اور دیگر معاون کرداروں میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔

اداکارہ کے نمایاں ڈراموں میں امید، مہرپوش، میرا رب وارث، ملالِ یار، ڈولی ڈارلنگ، میرے اپنے، بے نام، بنو، دیوانگی اور محروم شامل ہیں۔

حمیرا بانو اپنی ذاتی زندگی کو عمومی طور پر میڈیا کی توجہ سے دور رکھتی ہیں، اسی لیے ان کی شادی کی اچانک خبر نے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

Leave a reply