سیلابی صورتحال: بروقت طبی سہولت نہ ملنے پر خاتون کے تین نومولود جاں بحق

وزیرآباد: پنجاب کے ضلع وزیرآباد میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث ایک خاتون کے تین نومولود بچے بروقت طبی امداد نہ ملنے کے سبب جان کی بازی ہار گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں نالہ پھلکو سمیت کئی علاقوں میں شدید سیلابی کیفیت ہے، جس کی وجہ سے سڑکیں زیرِ آب آ گئی ہیں اور اسپتالوں تک رسائی بھی محدود ہو چکی ہے۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ 28 اگست کو نالہ پھلکو کے قریب گاڑی میں زچگی کے دوران انہوں نے تین بچوں کو جنم دیا، لیکن قریبی اسپتال سیلابی پانی میں گھرا ہونے کے باعث بروقت طبی امداد نہیں مل سکی۔ جاں بحق بچوں میں دو بچیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع نے بھی اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم مسلسل بارش اور سیلابی رکاوٹوں کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔
مقامی آبادی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں اور میڈیکل سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔









