
سیالکوٹ میں 1500 روپے مالیت کے قومی پرائز بانڈ کی 106ویں قرعہ اندازی منعقد ہوئی جس میں لاکھوں روپے کے انعامات کے لیے کامیاب نمبرز کا اعلان کر دیا گیا۔ قرعہ اندازی کے بعد شہریوں میں خاصی دلچسپی دیکھی گئی۔
اعلان کے مطابق پہلا انعام 30 لاکھ روپے کا رکھا گیا تھا، جو بانڈ نمبر 024132 کے نام نکلا۔
دوسرے انعام کے تحت تین خوش نصیب افراد کو 10،10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ کامیاب بانڈ نمبرز 026284، 355420 اور 407321 رہے۔
تیسرے انعام کے طور پر 18 ہزار 500 روپے کے 1696 انعامات بھی رکھے گئے تھے، جن کی مکمل فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ کامیاب افراد مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی انعامی رقم وصول کر سکیں گے۔
قومی بچت اسکیموں میں ملک بھر کے شہری نامزد بینکوں اور نیشنل سیونگز سینٹرز کے ذریعے پرائز بانڈ خرید کر حصہ لیتے ہیں، جبکہ مختلف مالیت کے بانڈز کی قرعہ اندازی ہر چند ماہ بعد منعقد کی جاتی ہے۔
وزارت خزانہ کے قواعد کے مطابق ٹیکس سال 2026 میں پرائز بانڈ کی جیتی گئی رقم پر ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا۔ فائلرز کے لیے 15 فیصد جبکہ نان فائلرز کے لیے 30 فیصد ٹیکس کٹوتی مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد میں 100 روپے مالیت کے قومی پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی بھی 15 مئی 2026 کو منعقد ہوئی۔ اس ڈرا میں پہلا انعام 7 لاکھ روپے رکھا گیا، جو بانڈ نمبر 847006 کے نام نکلا۔
اسی طرح تین افراد نے 2،2 لاکھ روپے کا دوسرا انعام حاصل کیا۔ کامیاب نمبرز 134391، 186306 اور 821652 رہے، جبکہ ایک ہزار روپے کے تیسرے انعام کے لیے 1199 افراد کامیاب قرار پائے۔







