سپن وام میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

0
13
سپن وام میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر عمر عرف جان میر عرف تور ثاقب بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے تحت کی گئی، جس میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر علاقے میں دہشت گردی کی مختلف سرگرمیوں میں مطلوب تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کافی عرصے سے اس کی تلاش تھی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گرد نے سپن وام کے علاقے بوبالی مسجد کے اطراف زیر زمین بنکرز، سرنگیں اور بارودی مواد نصب کر رکھا تھا تاکہ سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کو روکا جا سکے۔ کارروائی کے دوران فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے کلیئرنس آپریشن بھی کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں۔

دفاعی ماہرین نے اس کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave a reply