سمندر کی تہہ سے 2 ہزار سال پرانے رومی نوادرات برآمد

0
24
سمندر کی تہہ سے 2 ہزار سال پرانے رومی نوادرات برآمد

اولبیا: اٹلی کے جزیرے ساردینیا کے ساحل کے قریب پولیس اہلکاروں نے زیرِ سمندر آپریشن کے دوران تقریباً 2 ہزار سال قدیم نوادرات دریافت کرلیے۔

غیر معمولی دریافت اس وقت سامنے آئی جب پولیس کی غوطہ خور ٹیم ساحلی علاقے میں معمول کی حفاظتی کارروائی انجام دے رہی تھی۔ دورانِ آپریشن اہلکاروں کی نظر سمندر کی تہہ میں موجود مٹی کے ایک قدیم برتن کے ٹکڑے پر پڑی۔

ابتدائی دریافت کے بعد علاقے میں مزید تلاش کی گئی، جس کے نتیجے میں مٹی سے تیار کردہ کئی قدیم اشیا برآمد ہوئیں۔ حکام نے دریافت ہونے والے نوادرات کو محفوظ کرکے آثارِ قدیمہ کے ماہرین کے حوالے کردیا ہے تاکہ ان کی مزید جانچ کی جاسکے۔

اطالوی حکام کے مطابق سمندر کی تہہ سے ملنے والی اشیا میں ایک قدیم صراحی بھی شامل ہے، جسے سمندری گھاس کے درمیان دیکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق قدیم زمانے میں اس نوعیت کے برتن زیتون کا تیل، اناج اور دیگر سامان ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچانے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔

ابتدائی آثارِ قدیمہ کے جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ نوادرات تقریباً پہلی صدی قبل مسیح سے پہلی صدی عیسوی کے دور سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ وہ زمانہ تھا جب رومی جمہوریہ کے خاتمے کے بعد رومی سلطنت کا آغاز ہو رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ سمندر موجود مقام پر مزید تحقیقات جاری ہیں اور امکان ہے کہ وہاں سے ماضی سے تعلق رکھنے والی مزید تاریخی اشیا بھی برآمد ہوسکتی ہیں۔

Leave a reply