سرکاری اسپتال میں نومولود بچوں پر چوہے کا حملہ

مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے ایک سرکاری اسپتال میں نومولود بچوں کو چوہے کے کاٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق، متاثرہ بچے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج تھے، جہاں ان پر چوہے نے حملہ کیا۔ ایک نومولود بچی کو ہاتھ کی انگلی اور کندھے پر کاٹا گیا، جب کہ دوسرے بچے کو وینٹی لیٹر پر ہونے کے باوجود چوہے نے نقصان پہنچایا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی نمونیا میں مبتلا تھی اور اس کا وزن صرف 1.2 کلوگرام تھا، جب کہ دوسرا بچہ 1.6 کلوگرام وزنی تھا۔ حکام نے وضاحت کی ہے کہ بچی کی موت چوہے کے کاٹنے کی وجہ سے نہیں ہوئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسپتال کے آس پاس بارش کے پانی کی جمع شدگی اور سیوریج لائن کی خرابی کے باعث چوہے کی موجودگی رپورٹ کی گئی تھی۔ چوہے کو اسپتال میں گزشتہ چند دنوں سے دیکھا جا رہا تھا۔
واقعے کے بعد انتظامیہ نے غفلت برتنے پر وارڈ کی دو نرسوں کو معطل کر دیا ہے، جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔