ریلوے پولیس نے مسافر کا 38 لاکھ روپے کا بیگ واپس کر کے ایمان داری کی مثال قائم کردی

کراچی: کراچی ڈویژن کی ریلوے پولیس نے ایک مسافر کے 38 لاکھ روپے نقد واپس کر کے اعلیٰ سطح کی ایمانداری کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان ریلوے کے مطابق واقعہ 26 دسمبر کو پیش آیا، جب مسافر محسن مشتاق پاکستان ایکسپریس کے ذریعے کراچی سے ٹوبہ ٹیک سنگھ جا رہا تھا۔ حیدرآباد اسٹیشن پر مسافر ذاتی کام کے باعث اتر گیا اور ٹرین روانہ ہو گئی، جس میں اس کا بیگ رہ گیا، جس میں تقریباً 38 لاکھ روپے نقد موجود تھے۔
ریلوے پولیس کے کانسٹیبل راو شریف نے بیگ کو ٹرین میں پایا اور اسے محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں محسن مشتاق ریلوے تھانے پہنچا اور اپنے بیگ کے بارے میں اطلاع دی۔
بعد ازاں مسافر قراقرم ایکسپریس کے ذریعے روہڑی پہنچا، جہاں ہیلپ سینٹر پر موجود سب انسپکٹر کی نگرانی میں بیگ کی شناخت کی گئی اور مکمل گنتی کے بعد 38 لاکھ روپے مسافر کو واپس کر دیے گئے۔









