
راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید پندرہ روز کی توسیع کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق شہر میں دفعہ 144 اب 21 فروری تک نافذ العمل رہے گی۔ اس دوران عوامی اجتماعات، جلسے، جلوس اور ریلیوں پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ اسلحے کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خدشے یا ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔









