دل کے دورے کی ابتدائی علامات جو کئی ہفتے پہلے ظاہر ہو سکتی ہیں

0
108
دل کے دورے کی ابتدائی علامات جو کئی ہفتے پہلے ظاہر ہو سکتی ہیں

دل کا دورہ دنیا بھر میں اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر کیسز میں دل کے دورے سے قبل کچھ انتباہی علامات ظاہر ہو جاتی ہیں۔ اگر ان علامات کو بروقت پہچان لیا جائے تو سنگین نقصان سے بچاؤ ممکن ہے۔
ماہرِ امراضِ قلب کے مطابق دل کے دورے سے پہلے سامنے آنے والی علامات کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہی علامات بروقت علاج کا موقع فراہم کرتی ہیں اور شدید دل کے دورے کو روکا جا سکتا ہے۔
دل کے دورے کی عام ابتدائی علامات
دل کے دورے کی ابتدائی علامات ہر شخص میں ایک جیسی نہیں ہوتیں۔ بعض افراد میں یہ علامات ہلکی ہوتی ہیں جبکہ کچھ میں بتدریج شدت اختیار کر لیتی ہیں۔ یہ علامات دنوں یا ہفتوں تک وقفے وقفے سے ظاہر ہو سکتی ہیں:
سینے میں دباؤ، بھاری پن یا جکڑن
ایک یا دونوں بازوؤں میں درد یا بے آرامی
جبڑے یا گردن میں درد
غیر معمولی تھکن یا کمزوری
گھبراہٹ یا بے چینی
متلی یا الٹی جیسا احساس
اوپری پیٹھ میں درد
سانس لینے میں دشواری
سینے میں جلن یا درد
مرد اور خواتین میں علامات کا فرق
مردوں میں:
اکثر درد سینے کے بائیں حصے یا بائیں بازو میں محسوس ہوتا ہے۔
خواتین میں:
علامات زیادہ غیر واضح ہو سکتی ہیں، جیسے گردن، جبڑے، دائیں بازو یا پیٹھ میں درد، شدید تھکن، چکر آنا یا متلی۔ اسی وجہ سے بعض خواتین ان علامات کو بدہضمی یا فلو سمجھ کر نظر انداز کر دیتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق خواتین عموماً مردوں کے مقابلے میں دیر سے طبی مدد حاصل کرتی ہیں، جس سے خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
فوری اقدامات کیوں ضروری ہیں؟
طبی ماہرین کے مطابق دل کے دورے کے ابتدائی دو گھنٹے انتہائی اہم ہوتے ہیں، کیونکہ اسی دوران دل کے پٹھوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس لیے:
مشتبہ علامات کو فوراً سنجیدگی سے لیں
فوری طور پر قریبی اسپتال یا ایمرجنسی سروس سے رابطہ کریں
ایمرجنسی عملہ راستے میں ابتدائی طبی امداد فراہم کر سکتا ہے
دل کے دورے کے خطرے کو بڑھانے والے عوامل
دل کے دورے کے کئی خطرات ایسے ہیں جن پر طرزِ زندگی میں تبدیلی سے قابو پایا جا سکتا ہے، جن میں شامل ہیں:
بار بار سینے میں درد یا جلن
دل کی بیماری کی خاندانی تاریخ
بلند فشارِ خون
موٹاپا
جسمانی سرگرمی کی کمی
تمباکو نوشی
ذیابیطس یا میٹابولک بیماریاں
خواتین میں اضافی خطرات:
حمل کے دوران پیچیدگیاں، پری ایکلیمپسیا، حمل کے دوران شوگر یا کم وزن بچے کی پیدائش۔
دل کا دورہ کیسے ہوتا ہے؟
دل پورے جسم کو خون فراہم کرتا ہے اور اسے خود بھی آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے، جو کورونری شریانوں کے ذریعے پہنچتی ہے۔ جب ان شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہو جائے تو دل کے پٹھوں کو نقصان پہنچتا ہے، جسے طبی اصطلاح میں مایوکارڈیل انفارکشن کہا جاتا ہے۔
اکثر یہ رکاوٹ شریانوں میں کولیسٹرول جمع ہونے کی وجہ سے بنتی ہے، جو بعد میں خون کے لوتھڑے کی شکل اختیار کر کے دل یا دماغ کی شریان بند کر سکتی ہے۔
اگر دل اچانک خون پمپ کرنا بند کر دے تو یہ کیفیت کارڈیک ارسٹ کہلاتی ہے، جو فوری طبی امداد کے بغیر جان لیوا ہو سکتی ہے۔

Leave a reply