دعا لیپا کی سام سنگ کے خلاف قانونی کارروائی، 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ

0
20
دعا لیپا کی سام سنگ کے خلاف قانونی کارروائی، 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ

بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ دعا لیپا نے ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے خلاف امریکہ میں قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی نے ان کی ایک تصویر بغیر اجازت اپنے ٹی وی مصنوعات کی تشہیر کے لیے استعمال کی۔

یہ مقدمہ 8 مئی کو کیلیفورنیا کی ایک وفاقی عدالت میں دائر کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق، تنازعہ اس وقت سامنے آیا جب دعا لیپا کی 2024 کے ایک میوزک فیسٹیول کے دوران لی گئی بیک اسٹیج تصویر کو مبینہ طور پر سام سنگ کے ٹی وی باکسز پر نمایاں طور پر دکھایا گیا۔

گلوکارہ کی قانونی ٹیم کا مؤقف ہے کہ اس استعمال کے لیے نہ تو اجازت لی گئی اور نہ ہی کوئی معاوضہ ادا کیا گیا، جبکہ تصویر کے استعمال سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ دعا لیپا مذکورہ مصنوعات کی حمایت کر رہی ہیں۔

عدالتی دستاویزات میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس اقدام سے ان کی ساکھ اور برانڈ ویلیو کو نقصان پہنچا ہے، اور کمپنی نے ان کی عالمی شہرت کو تجارتی فائدے کے لیے استعمال کیا۔

مقدمے میں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے چند تبصروں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جن میں صارفین نے تصویر کو دیکھ کر خریداری کا فیصلہ کرنے کا ذکر کیا، جسے وکلاء نے اثرانداز ہونے کا ثبوت قرار دیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ دعا لیپا کی ٹیم نے جون 2025 میں کمپنی کو باضابطہ طور پر خبردار کیا تھا کہ وہ یہ استعمال فوری طور پر بند کرے، تاہم دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے باوجود تصویر کا استعمال جاری رہا۔

گلوکارہ نے اس کیس میں کم از کم 15 ملین ڈالر ہرجانے اور متعلقہ مصنوعات سے حاصل شدہ منافع میں حصہ بھی طلب کیا ہے۔

دعا لیپا کا شمار عالمی پاپ میوزک کی معروف شخصیات میں ہوتا ہے، اور وہ متعدد بین الاقوامی ہٹ گانوں کے لیے جانی جاتی ہیں۔

Leave a reply