خواتین کالجز میں تقریبات کے لیے نئے ایس او پیز جاری

ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے خواتین کالجز میں استقبالیہ، الوداعی تقریبات، اسپورٹس گالا اور دیگر ثقافتی پروگرامز کے انعقاد کے لیے نئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ نے تاکید کی ہے کہ ان ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق، کسی بھی تقریب کے انعقاد سے قبل کالج انتظامیہ کو ڈائریکٹر یا ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن سے پیشگی منظوری لینا ضروری ہوگی۔ تقریب میں شریک تمام شرکا اور مہمانوں کی فہرست بھی متعلقہ حکام کو فراہم کرنا ہوگی۔
نئے ایس او پیز کے تحت خواتین کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ یا اس نوعیت کی کسی بھی پرفارمنس پر پابندی ہوگی۔ تقریبات کے دوران طالبات کے لیے کالج یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید برآں، کالج اوقات کار اور تقریبات کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہوگی اور کسی بھی تقریب کی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی جا سکیں گی۔
ڈائریکٹوریٹ نے کہا ہے کہ طالبات کی حفاظت اور پردہ داری کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات کیے جائیں گے، اور تمام تقریبات معاشرتی اور ثقافتی اقدار کے مطابق منعقد ہوں گی۔
آخر میں ڈائریکٹوریٹ نے واضح انتباہ جاری کیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی کالجز یا پرنسپلز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔









