
ایک مشہور بین الاقوامی فوڈ کمپنی نے احتیاطی اقدام کے طور پر اپنے کچھ بیبی فارمولا اور فالو آن فارمولا کے مخصوص بیچز واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ قدم ممکنہ طور پر زہریلے مادے کے اثرات کے خدشے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
صحت کے حکام اور کمپنی کے جاری کردہ بیانات کے مطابق، متاثرہ بیچز میں سیرولائڈ (Cereulide) نامی زہریلا مادہ شامل ہوسکتا ہے، جو بیکٹیریا Bacillus cereus کے کچھ اسٹرینز سے پیدا ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مادہ بچوں میں متلی، قے، پیٹ میں درد، دست اور دیگر ہاضمے کے مسائل پیدا کر سکتا ہے، جو خاص طور پر کم عمر بچوں کے لیے خطرناک ہیں۔
کمپنی نے تصریح کی ہے کہ یہ واپس منگوائی گئی مصنوعات یورپ کے متعدد ممالک میں فروخت کی گئی تھیں، جن میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، آسٹریا، ڈنمارک، سویڈن، فن لینڈ، آئرلینڈ اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔ والدین اور بچوں کے دیکھ بھال کرنے والوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر بچوں کو متاثرہ فارمولا نہ دیں اور بیچ نمبر کی تصدیق کریں۔
کمپنی نے صارفین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ واپس کی جانے والی مصنوعات کی مکمل رقم واپس کی جائے گی اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔









