حکومت کی جانب سے پیٹرول و ڈیزل پر ٹیکسز کی تفصیلات جاری

0
8
حکومت کی جانب سے پیٹرول و ڈیزل پر ٹیکسز کی تفصیلات جاری

حکومت کی جانب سے حالیہ رد و بدل کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شامل ٹیکسز اور دیگر چارجز کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 129 روپے 72 پیسے مختلف ٹیکسز اور چارجز کی مد میں شامل ہیں، جو کہ کل قیمت کا تقریباً 32 فیصد بنتے ہیں۔ اس میں 103 روپے 50 پیسے پٹرولیم لیوی اور 23 روپے 72 پیسے کسٹم ڈیوٹی شامل ہے۔ اس کے علاوہ 7 روپے 32 پیسے فریٹ چارجز اور 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کا مارجن بھی شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 21 فیصد ٹیکسز شامل ہیں، جس کی مجموعی مالیت 82 روپے 81 پیسے فی لیٹر بنتی ہے۔ ڈیزل پر 51 روپے 62 پیسے کسٹم ڈیوٹی جبکہ 28 روپے 69 پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔ اس کے علاوہ 17 روپے 14 پیسے فریٹ چارجز، 7 روپے 87 پیسے او ایم سی مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہیں۔
مزید یہ کہ پیٹرول، ڈیزل اور ہائی اوکٹین (ایچ او بی سی) پر فی لیٹر 2 روپے 50 پیسے کی کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی لاگو کی گئی ہے، جبکہ ایچ او بی سی پر لیوی کی شرح 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر ہے۔
مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر ٹیکسوں کا تناسب نسبتاً کم یعنی تقریباً 6 فیصد ہے۔ مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کیجا رہی ہے۔
ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ٹیکسز اور دیگر چارجز کا نمایاں حصہ شامل ہے، جو صارفین پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔

Leave a reply