حکومت کا کفایت شعاری پلان، بچت عوامی ریلیف پر خرچ کرنے کا فیصلہ

0
17
حکومت کا کفایت شعاری پلان، بچت عوامی ریلیف پر خرچ کرنے کا فیصلہ

حکومتِ پاکستان نے اخراجات میں کمی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے مختلف کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پیٹرولیم قیمتوں کے استحکام اور حکومتی بچت اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت عوامی فلاح اور ریلیف کے اقدامات پر خرچ کی جائے گی۔ حکومتی اداروں میں اخراجات کم کرنے کے لیے سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 30 فیصد تک کمی کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔ اس کے علاوہ سرکاری کارپوریشنز کے بورڈز میں شامل حکومتی نمائندوں کو شرکت فیس نہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ بیرونِ ملک موجود پاکستانی سفارتخانوں کو یومِ پاکستان یعنی کی تقریبات سادگی سے منعقد کرنے کی ہدایت دی جائے گی تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
حکومتی وسائل کے استعمال میں کمی کے لیے آئندہ دو ماہ تک سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ تقریباً 60 فیصد گاڑیاں عارضی طور پر استعمال سے باہر رکھی جائیں گی۔ اس فیصلے کی شفافیت کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے گا اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی برقرار رہے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی کابینہ کے ارکان، وزرا، مشیران اور معاونینِ خصوصی کی تنخواہیں بھی عوامی فلاح کے لیے مختص کی جائیں گی۔ مزید یہ کہ حکومتی نمائندوں کے غیر ملکی دوروں پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے اور سرکاری معاملات کے لیے آن لائن اجلاسوں کو ترجیح دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس میں مختلف وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

Leave a reply