حسن جہانگیر نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے دکھ کا انکشاف کیا

0
17
حسن جہانگیر نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے دکھ کا انکشاف کیا

پاکستان کے معروف پاپ گلوکار حسن جہانگیر نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی کے ایک مشکل لمحے کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
80 کی دہائی سے موسیقی کے میدان میں سرگرم رہنے والے حسن جہانگیر اپنی منفرد انداز، جاندار شخصیت اور دلکش مسکراہٹ کی وجہ سے مداحوں میں آج بھی بے حد مقبول ہیں۔
حسن جہانگیر نے ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق اہم باتیں پہلی بار شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 27 سے 28 سال قبل ان کی بیوی کا انتقال ہو گیا تھا، جب ان کی بیٹی بہت چھوٹی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی بیٹی کی پرورش اور تعلیم پر توجہ دیتے ہوئے دوبارہ شادی نہیں کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی بیٹی ڈاکٹر ہیں، شادی شدہ ہیں اور فی الحال سوئیڈن میں مقیم ہیں۔ حسن جہانگیر کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ان کی والدہ اور بہنوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور بیٹی کی دیکھ بھال کی۔ اب ان کی بیٹی چاہتی ہیں کہ وہ دوبارہ شادی کریں تاکہ وہ تنہائی محسوس نہ کریں۔
گلوکار نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ دوبارہ شادی کا ارادہ کریں تو اپنی ہم عمر خاتون سے کریں گے جو انہیں بہتر سمجھ سکیں۔
موسیقی کے میدان میں حسن جہانگیر کی سب سے بڑی پہچان ان کا مشہور گانا “ہوا ہوا” ہے، جو 80 کی دہائی میں ریلیز ہوا اور پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور دیگر ممالک میں بھی بے حد مقبول ہوا۔ اس گانے کی دلکش دھن، منفرد انداز اور جاندار پرفارمنس نے حسن جہانگیر کو عالمی سطح پر شہرت دلائی اور آج بھی یہ گانا ہر نسل کے لوگوں کی زبان پر ہے۔

Leave a reply