حج 2025: غیر حاضری کی صورت میں رشتہ دار کو بھیجنے کی اجازت

اسلام آباد: حج 2025 کے لیے رجسٹرڈ مگر کسی مجبوری یا ناگزیر حالات کے باعث سفر نہ کر سکنے والے افراد کے لیے وزارتِ مذہبی امور نے سہولت کا اعلان کیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت، اگر کوئی رجسٹرڈ حاجی شدید بیماری یا وفات جیسے مسائل کی وجہ سے حج پر نہ جا سکے، تو وہ کسی قریبی رشتہ دار کو اپنے متبادل کے طور پر نامزد کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، متعلقہ شخص کو اپنی جمع شدہ رقم واپس لینے کا بھی اختیار حاصل ہوگا۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ متبادل شخص کو بھیجنے یا رقم واپسی کے لیے مناسب اور مستند وجہ دینا ضروری ہوگا۔ اس سلسلے میں بیماری یا وفات کے ثبوت کے طور پر میڈیکل سرٹیفکیٹ یا موت کی سند پیش کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
درخواست جمع کرواتے وقت سادہ اسٹامپ پیپر پر وجہ درج کر کے جمع کرانا ہوگا، جس کے ساتھ بینک چالان اور شناختی کارڈ کی نقل بھی منسلک کرنا ہوگی۔
یہ اقدام ان افراد کے لیے آسانی پیدا کرے گا جو کسی مجبوری کے تحت خود حج کی سعادت حاصل نہیں کر سکتے مگر اپنے کسی قریبی عزیز کو یہ موقع دینا چاہتے ہیں۔









