
پاکستانی ماڈل و اداکارہ جیا علی نے اداکارہ ہانیہ عامر کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے رویے اور طرزِ عمل میں مزید احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران میزبان نے جیا علی سے ہانیہ عامر اور درفشاں سلیم میں سے کسی ایک اداکارہ کے انتخاب کا سوال کیا۔ جیا علی نے ہانیہ عامر کو منتخب کیا، تاہم ساتھ ہی ان کے رویے سے متعلق اپنی رائے بھی سامنے رکھی۔
جیا علی کے مطابق ہانیہ عامر ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں، تاہم ان کے خیال میں وہ بعض معاملات میں حد سے زیادہ بے باک ہوتی جا رہی ہیں اور انہیں اپنے رویے کے حوالے سے کچھ حدود کا خیال رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہانیہ عامر اب عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والی نمایاں شخصیات میں شامل ہیں، اس لیے انہیں عوامی سطح پر اپنے طرزِ عمل اور اندازِ گفتگو میں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
جیا علی نے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اداکاری کے بجائے یوگا سے متعلق سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں اور مختلف ٹی وی پروگرامز اور پوڈکاسٹس میں بھی شرکت کرتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیا علی نے موجودہ ڈراموں کے اسکرپٹس سے عدم اطمینان کے باعث کچھ عرصے کے لیے اداکاری سے دوری اختیار کر رکھی ہے۔








