
اسلام آباد – ایرانی سفارت خانہ نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا اکاؤنٹ HosseinNejat1@ مکمل طور پر جعلی ہے اور ایران کے کسی سرکاری ادارے سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔
سفارت خانہ نے اس اکاؤنٹ کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کیا ہے۔ جعلی اکاؤنٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل کر کے ایران کے دشمن ممالک کو فروخت کر رہا ہے، لیکن سفارت خانہ نے اس بیان کو حقیقت سے عاری قرار دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس قسم کے اکاؤنٹس کا مقصد پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانا اور عوام کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے، تاہم یہ منفی سرگرمیاں دونوں ممالک کے تاریخی اور مضبوط تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتیں۔
ایرانی سفارت خانہ نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ اکاؤنٹس اور معلومات کو شیئر کرنے سے گریز کریں اور صرف سرکاری و مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی، ہمسایہ اور تاریخی بنیادوں پر قائم تعلقات کسی بھی سازش سے کمزور نہیں ہوں گے۔









