جدید اور زندگی بچانے والی ادویات کی منظوری میں تاخیر، مریض متاثر

0
14
جدید اور زندگی بچانے والی ادویات کی منظوری میں تاخیر، مریض متاثر

حکومت کی جانب سے جدید اور زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن کی منظوری میں مسلسل تاخیر کے باعث ملک میں کئی اہم دوائیں مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہو رہیں، جس پر صحت کے شعبے اور ادویہ ساز صنعت میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
فارماسیوٹیکل ذرائع اور صنعت کے نمائندوں کے مطابق گزشتہ چھ سے آٹھ ماہ کے دوران درجنوں نئی ادویات، جن میں کینسر، دل کے امراض اور بلڈ پریشر کے جدید علاج شامل ہیں، کی قیمتوں کے تعین کی سمریاں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور متعلقہ پرائسنگ کمیٹی کے ذریعے وفاقی حکومت کو ارسال کی گئیں۔ تاہم حتمی منظوری نہ ملنے کے باعث یہ ادویات باقاعدہ طور پر مارکیٹ میں متعارف نہیں ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق زیر التوا ادویات کی تعداد بڑھ کر تقریباً 60 سے 70 تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں وہ جدید علاج بھی شامل ہیں جو پہلی بار پاکستان میں متعارف کرائے جانے تھے۔
فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز کا کہنا ہے کہ قیمتوں کے نوٹیفکیشن میں تاخیر کی وجہ سے بین الاقوامی کمپنیاں بھی پاکستان میں نئی ادویات کی فراہمی مؤخر کر رہی ہیں، جس سے مریضوں کو علاج میں مشکلات کا سامنا ہے۔
صنعتی نمائندوں کے مطابق حکومت کی پرائسنگ کمیٹی نے ان ادویات کی قیمتوں کا ابتدائی تعین مکمل کر لیا ہے، تاہم وفاقی کابینہ کی جانب سے حتمی منظوری نہ ہونے کے باعث عمل درآمد رکا ہوا ہے۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو مارکیٹ میں غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ ادویات کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ سکتا ہے، جو مریضوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب حکومتی مؤقف کے مطابق ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور حتمی فیصلے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

Leave a reply