تئیس سالہ نوجوان اور 83 سالہ خاتون کی منفرد محبت کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل

0
88

جاپان میں ایک غیر معمولی مگر دلچسپ محبت کی کہانی نے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کر لی ہے، جس میں ایک 23 سالہ نوجوان اور 83 سالہ خاتون ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

یہ جوڑا ایک عوامی انٹرویو کے دوران اس وقت منظر عام پر آیا جب نوجوان “کوفو” کو خاتون “آئیکو” کا ہاتھ تھامے دیکھا گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہزاروں افراد نے اس محبت بھری کہانی میں دلچسپی لی۔

آئیکو نے بتایا کہ وہ باغبانی کی ماہر ہیں اور ان کا ایک وسیع نباتاتی باغ ہے۔ وہ دو بار شادی کر چکی ہیں اور ان کے بیٹے، بیٹی کے علاوہ پانچ پوتے پوتیاں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ایک متوازن طرزِ زندگی اپناتی ہیں اور لباس کا انتخاب بھی سوچ سمجھ کر کرتی ہیں، جس کی وجہ سے ان کی شخصیت اب بھی خاصی جوان نظر آتی ہے۔

کوفو، جو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والا ہے اور ایک کمپنی میں انٹرن شپ کر رہا ہے، نے بتایا کہ وہ آئیکو کی نواسی کا ہم جماعت تھا۔ ایک بار جب وہ اپنی کلاس فیلو سے ملنے گیا تو پہلی بار آئیکو سے ملاقات ہوئی اور وہ ان کی شخصیت سے بے حد متاثر ہوا۔

آئیکو کا کہنا ہے کہ کوفو کی نرم دلی اور خوش اخلاقی نے ان کے دل کو چھو لیا۔ اگرچہ ابتدا میں عمر کے فرق کے باعث دونوں کو اپنے جذبات کے اظہار میں ہچکچاہٹ تھی، لیکن بعد میں آئیکو کی نواسی کی جانب سے ڈزنی لینڈ کے ایک مشترکہ دورے نے سب کچھ بدل دیا۔

اسی دوران کوفو نے اپنے جذبات کا اظہار کیا، جسے آئیکو نے قبول کر لیا۔ اب یہ جوڑا ساتھ رہ رہا ہے اور دونوں کے خاندان بھی اس رشتے کی حمایت کر رہے ہیں۔

تاہم، شادی کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔

Leave a reply