بھارت میں نیپا وائرس کے باعث پاکستان میں ہائی الرٹ نافذ

0
68
بھارت میں نیپا وائرس کے باعث پاکستان میں ہائی الرٹ نافذ

وفاقی وزارتِ صحت نے بھارت میں نیپا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے باعث ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان آنے والے تمام مسافروں کی مکمل اسکریننگ اور سخت نگرانی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق ہوائی اڈوں، زمینی سرحدوں اور بندرگاہوں پر اسکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے۔ تمام آنے والے اور ٹرانزٹ مسافروں کی 100 فیصد تھرمل اسکریننگ اور طبی جانچ لازمی قرار دی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی سفری تفصیلات کی مکمل تصدیق کی جائے۔ نیپا وائرس سے متاثرہ یا ہائی رسک علاقوں سے آنے والے افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے گی جبکہ مشتبہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں مسافر کو فوری طور پر آئسولیشن میں منتقل کیا جائے گا۔
وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ طبی کلیئرنس کے بغیر کسی بھی مسافر کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کے مطابق پاکستان میں تاحال نیپا وائرس کا کوئی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا، تاہم بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں وائرس کے پانچ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
نیپا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر تھائی لینڈ، ملائیشیا، ہانگ کانگ، سنگاپور اور نیپال میں بھی سرحدی اور فضائی داخلی مقامات پر اسکریننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

Leave a reply