
لاہور میں بسنت کے تہوار کی واپسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق شہر میں بسنت 2027 کا انعقاد 12، 13 اور 14 مارچ کو کیا جائے گا۔
مریم نواز نے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بسنت کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لاہور آئندہ سال ایک بار پھر رنگوں اور جشن کی رونقوں سے سجایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 2026 میں بسنت کا انعقاد کامیاب رہا، جس کے بعد 2027 میں بھی اس تہوار کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بسنت کی خوشیاں عوام کے لیے ہیں اور شہری اس موقع پر نئی یادیں بنائیں۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی مہمانوں کو بھی مارچ میں ہونے والی بسنت کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ وہ 12 سے 14 مارچ کی تاریخیں اپنے کیلنڈر میں محفوظ کرلیں۔
مریم نواز نے امید ظاہر کی کہ بسنت 2027 بھی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ کامیاب ہوگا اور لاہور ایک بار پھر بسنت کے رنگوں سے روشن نظر آئے گا۔









