بچہ سوتا نہیں تھا، ماں نے فریج میں رکھ دیا ؛ افسوسناک واقعہ

اترپردیش کے شہر مرادآباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک 23 سالہ ماں نے اپنے 15 دن کے شیرخوار بچے کو فریج میں بند کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، خاتون بچے کے مسلسل رونے اور نہ سونے سے ذہنی دباؤ کا شکار ہو چکی تھی۔ واقعے کے دن وہ روتے بچے کو کچن میں لے گئی اور فریج میں رکھ کر خود سونے چلی گئی۔ کچھ دیر بعد بچے کی آواز سن کر دادی جاگ گئیں اور فوراً فریج سے بچے کو نکال کر اسپتال پہنچایا۔ خوش قسمتی سے بچے کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق، ماں نے اس حرکت کی وجہ یہ بتائی کہ “بچہ سو نہیں رہا تھا، اس لیے میں نے اسے فریج میں رکھ دیا۔” ابتدا میں اہل خانہ نے روحانی مسائل کا شبہ ظاہر کیا، تاہم بعد میں طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ خاتون “پوسٹ پارٹم ڈپریشن” یعنی زچگی کے بعد کے ذہنی دباؤ میں مبتلا ہے۔
ماہرینِ نفسیات کے مطابق، پوسٹ پارٹم ڈپریشن ایک سنگین مگر قابلِ علاج بیماری ہے جو زچگی کے بعد خواتین کو متاثر کر سکتی ہے، اور اس کے لیے فوری مدد اور علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔








