بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی الگ الگ کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران ایک گاڑی کو کواڈ کاپٹر کی مدد سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی پشین کے علاقے سرانان میں کی گئی، جہاں سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے خلاف مختلف حملوں میں ملوث رہے تھے۔
فائرنگ کے دوران سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
کارروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دونوں علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود دیگر مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری رکھا۔









