بلاول بھٹو کی نااہلی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر

0
229
بلاول بھٹو کی نااہلی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر

ہاٹ لائن نیوز : لاہور ہائیکورٹ میں بلال بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے منتخب اراکین کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی ۔

عدالت نے دستاویزات لف کرنے کی درخواست منظور کرلی ، عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو دلائل کیلئے طلب کرلیا ۔

جسٹس فیصل زمان خان نے شہری ایاز فاروقی کی درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزار کی طرف سے بیرسٹر مختار احمد پیش ہوئے ، درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نام سے دو سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں ، پی پی پی پی کے صدر آصف زرداری اور پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں، آصف زرداری بلاول بھٹو زرداری کی جماعت پی پی پی کے کو چیئرمین بھی ہیں ، آصف زرداری کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا انتخابی نشان تیر ہے ، بلاول بھٹو زرداری کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کیلئے پی پی پی کے ممبرز والی لسٹ فراہم کی ۔قانون کے مطابق ہر سیاسی جماعت نے رجسٹریشن کیلئے الگ اپنے ممبرز کی لسٹ فراہم کرنی ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن غیر قانونی ہے ، بلاول بھٹو زرداری سمیت منتخب اراکین اسمبلی کا پی پی پی پی پی پر انتخاب بھی غیر قانونی ہے، بلاول بھٹو زرداری کا دوسری سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا بھی غیر قانونی ہے ۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی رجسٹریشن کالعدم قرار دے ، عدالت بلاول بھٹو زرداری سمیت منتخب اراکین اسمبلی کی رکنیت کالعدم قرار دے۔

Leave a reply