
لاڑکانہ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جلد انتخابات ہونا ضروری نہیں اور اس بارے میں فیصلہ عوام کریں گے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں، تاکہ سیاست کے لیے مزید گنجائش پیدا ہو۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کے لیے اقدامات کرنا ضروری ہیں اور کوئی بھی جماعت ملک کے مسائل کو اکیلے حل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی جماعت انتہا پسندی کی طرف جائے گی تو ریاست کا ردعمل قانونی طور پر ہوگا، تاہم عام سیاسی معاملات میں سیاسی گنجائش موجود ہو سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری سیاسی مفاہمت کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور انتخابات ایسے ہونے چاہئیں جن پر شفافیت کے حوالے سے شک و شبہات نہ ہوں۔
صحت کے شعبے کے بارے میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں 18ویں ترمیم کے بعد بہتری آئی ہے، عالمی معیار کے مراکز قائم ہوئے ہیں، بچوں کی شرح اموات کم ہوئی ہے اور مریضوں کو مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ سے بچ چکا ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سب سے کامیاب ماڈل ثابت ہوا ہے، جس پر وفاق کو بھی توجہ دینی چاہیے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی مسائل کے مستقل حل کے لیے پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، جو ملکی استحکام کی ضمانت ہے۔









