بحیرہ عرب: پاک بحریہ نے کے ٹو ایئرویز کے حادثے کا شکار طیارے کا بلیک باکس تلاش کرلیا

0
10
بحیرہ عرب: پاک بحریہ نے کے ٹو ایئرویز کے حادثے کا شکار طیارے کا بلیک باکس تلاش کرلیا

کراچی: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں حادثے کا شکار ہونے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کے بلیک باکس کا سراغ لگا لیا ہے۔

حکام کے مطابق بلیک باکس کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران سمندر کی لگ بھگ 3 ہزار 200 میٹر گہرائی میں اس کے مقام کی نشاندہی کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق کے ٹو ایئرویز کا بوئنگ 737 کارگو طیارہ 7 جولائی کو شارجہ سے کراچی جاتے ہوئے بحیرہ عرب میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔ حادثے سے کچھ دیر قبل طیارے کے عملے نے کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل کے فاصلے پر نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی۔

طیارے کے آخری رابطے کے بعد ریڈار ڈیٹا میں اس کی بلندی میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ ریکارڈ کیا گیا۔ بعد ازاں طیارہ تیزی سے بلندی کھوتا ہوا ریڈار سے غائب ہوگیا۔

حادثے کے بعد پاک بحریہ نے اورماڑہ کے جنوب میں سمندر کے وسیع علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران گہرے سمندر میں تلاش کے لیے جدید پاکستانی ساختہ آلات بھی استعمال کیے گئے۔

پاک بحریہ کے مطابق طیارے کے ملبے اور بلیک باکس سے متعلق حاصل ہونے والی اہم تکنیکی معلومات بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کے حوالے کردی گئی ہیں۔

اب بلیک باکس سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے حادثے کے اصل اسباب جاننے اور واقعے کی حتمی تحقیقات میں پیش رفت کی توقع ہے۔

Leave a reply