
ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان مقابلہ خراب موسم کے باعث بغیر ایک بھی گیند پھینکے ختم کردیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
جاپان کے شہر نِشین میں مسلسل بارش کے باعث میدان کھیل کے لیے تیار نہ ہوسکا۔ موسم کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا اور بالآخر میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے قوانین کے تحت اگر کوارٹر فائنل بارش یا خراب موسم کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکے تو بہتر آئی سی سی رینکنگ رکھنے والی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچایا جاتا ہے۔ اسی ضابطے کے تحت پاکستان کو سیمی فائنل کا ٹکٹ مل گیا۔
پاکستان ان چار ٹیموں میں شامل تھا جنہیں کوارٹر فائنل مرحلے میں براہ راست رسائی حاصل ہوئی تھی۔ بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش بھی ان ٹیموں میں شامل تھے۔
ہانگ کانگ نے گروپ مرحلے میں ملائیشیا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ عمان کے خلاف اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اور ملائیشیا کے درمیان ہونے والے چوتھے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گا۔ یہ میچ جمعرات کو شیڈول ہے۔
پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اس سے قبل 2022 کے ایشیا کپ اور 2023 کے ایشین گیمز میں ٹی ٹوئنٹی مقابلے ہوئے، جن میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔









