
ہاٹ لائن نیوز : بھارت میں پولیس نے جہاز میں مسافروں سے قیمتی سامان چرانے والے چور کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے طیارے میں اپنے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کےسامان سے سونا اور دیگر قیمتی سامان چرانے والے 40 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق دہلی سے تعلق رکھنے والے ملزم راجیش کپور نے صرف ایک سال میں 200 سے زائد پروازیں کیں اور ایک سال میں 110 دن فضائی سفر کیا۔ ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے اپنے مرحوم بھائی کا نام استعمال کیا۔ زیادہ تر گھریلو پروازوں میں سفر کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو پہاڑ گنج سے گرفتار کیا گیا، جہاں ملزم مبینہ طور پر چوری کے زیورات رکھتا تھا اور اسے شرد جین نامی شخص کو فروخت کرنے جا رہا تھا، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ہوائی جہازوں میں چوری کی 2 وارداتیں ہوئیں، ایک واقعے میں 20 لاکھ مالیت کا سونا اور دوسرے میں 7 لاکھ بھارتی روپے چوری ہوئے۔ دونوں واقعات کے بعد پولیس تفتیش کے لیے دہلی گئی تھی۔ اور امرتسر ہوائی اڈے کے سی سی ٹی وی اور فلائٹ کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ تفتیش میں پتہ چلا کہ چوری کی گئی دونوں پروازوں میں راجیش موجود تھا جس کے بعد پولیس کو راجیش پر شک ہوا اور جب پولیس نے ایئرلائن انتظامیہ سے ملزم کا نمبر مانگا تو ملزم کا پتہ چللا کہ بکنگ کے وقت ایک جعلی فون نمبر درج کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے راجیش کپور کا پتہ لگانا شروع کر دیا اور اس کا اصلی نمبر بھی حاصل کر لیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔








