ایران سے متعلق جلد اہم فیصلہ کروں گا، ٹرمپ

0
23
ایران سے متعلق جلد اہم فیصلہ کروں گا، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر جلد اہم فیصلہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے طرزِ عمل میں تبدیلی نہ آئی تو صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے مختلف ممکنہ راستوں کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق امریکا ایران کے خلاف سخت کارروائی کرسکتا ہے، موجودہ دباؤ برقرار رکھ سکتا ہے یا کسی حتمی سمجھوتے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرسکتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ایران کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے، تاہم انہوں نے اپنے ممکنہ فیصلے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

امریکی صدر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں رہنماؤں کی ملاقات سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس امکان کے لیے تیار ہوسکتے ہیں۔

جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس نیویارک میں 22 سے 26 ستمبر اور 28 ستمبر کو ہوگا، جس میں مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ وہ جنرل اسمبلی کے موقع پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور ایران سے متعلق صورتحال پر ان کی رائے جانیں گے۔

ادھر ایرانی فوج کی مرکزی کمان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور بعض علاقائی ممالک کے درمیان ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی سے متعلق ایک اجلاس یورپ میں ہوا ہے۔ ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی امریکی کارروائی میں شریک ہونے والے ممالک کو بھی تنازع کا فریق تصور کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لیے بعض شرائط بھی سامنے آئی ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق ان میں جنگ کا خاتمہ، منجمد اثاثوں کی بحالی اور بحری ناکہ بندی ختم کرنا شامل ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی بحالی کی صورت میں بھی تہران اپنی بنیادی شرائط سے دستبردار نہیں ہوگا۔

Leave a reply