اگست 2026: ملازمین اور طلبہ کے لیے متعدد تعطیلات، طویل ویک اینڈ کا امکان

پاکستان میں اگست 2026 کے دوران سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کو متعدد تعطیلات ملنے کا امکان ہے۔ اگر کسی ادارے میں ہفتہ اور اتوار دونوں دن تعطیل ہوتی ہے تو پورے مہینے میں دو سرکاری چھٹیوں سمیت مجموعی طور پر 12 چھٹیاں بن سکتی ہیں، جبکہ صرف اتوار کی تعطیل والے اداروں میں یہ تعداد 7 ہو سکتی ہے۔
یومِ آزادی 14 اگست بروز جمعہ منایا جائے گا، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات آنے کے باعث بہت سے ملازمین اور طلبہ کو 14 سے 16 اگست تک مسلسل تین روز کی چھٹی میسر آ سکتی ہے، جس سے طویل ویک اینڈ بنے گا۔
اگست میں دوسری متوقع سرکاری تعطیل عید میلاد النبی ﷺ کی ہے۔ اس کی حتمی تاریخ اسلامی قمری کیلنڈر اور رویتِ ہلال پر منحصر ہوگی۔ اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوا تو 12 ربیع الاول 26 اگست کو آئے گی، تاہم سرکاری تعطیل کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے عید میلاد النبی ﷺ کی تعطیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن چاند نظر آنے کے بعد جاری کیا جائے گا۔









