اڈیالا جیل کے باہر تشدد کا واقعہ، بیرسٹر گوہر کی صحافیوں سے معذرت

راولپنڈی: اڈیالا جیل کے باہر صحافی پر مبینہ تشدد کے واقعے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صحافی برادری سے معذرت کرلی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ نامناسب اور قابل مذمت ہے۔ اختلافات کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ بات ہاتھا پائی تک جا پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عدم تشدد کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور کسی کو بھی پرتشدد رویے پر اکسانا پارٹی کی پالیسی کا حصہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فیملی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اور علیمہ خان پر انڈا پھینکنے یا صحافیوں پر حملے جیسے واقعات کی پارٹی سطح پر مکمل انکوائری کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں گوہر خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کا افغان حکومت سے کسی قسم کا رابطہ نہیں، کیونکہ ان کا پاسپورٹ گزشتہ تین برس سے بلاک ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو کے دوران چند افراد نے صحافیوں پر مبینہ طور پر تشدد کیا، جس کے بعد ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں علیمہ خان، نعیم پنجوتھہ اور 40 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔









