
اٹک کے سرحدی علاقے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کیمطابق آپریشن کےدوران دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی جس پر اہلکاروں نے مؤثرجوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کےشدیدترین تبادلے میں پانچوں دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد سے اسلحہ، بارودی مواد اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دہشت گرد پنجاب میں ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔
کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جبکہ علاقے میں ممکنہ سہولت کاروں اور فرار عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
سی ٹی ڈی نے ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خطرات کو روکنے کے لیے کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔









