انجن فیل ہونے پر طیارے کی شاہراہ پر ایمرجنسی لینڈنگ

0
30
انجن فیل ہونے پر طیارے کی شاہراہ پر ایمرجنسی لینڈنگ

امریکا کی ریاست جارجیا میں پیر کے روز ایک چھوٹے تربیتی طیارے کو فنی خرابی کے باعث مصروف شاہراہ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، جس کے دوران طیارہ کئی گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی ہے۔
پولیس کے مطابق سنگل انجن والا طیارہ تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک انجن میں مسئلہ پیدا ہو گیا۔ پائلٹ نے طیارے کو واپس ہوائی اڈے تک لے جانے کی کوشش کی، تاہم ناکافی طاقت کے باعث اسے سڑک پر لینڈنگ کا فیصلہ کرنا پڑا۔
یہ واقعہ جارجیا کے شہر گینزویل میں پیش آیا، جہاں طیارے نے مصروف سڑک پر اترنے کی کوشش کی۔ لینڈنگ کے دوران طیارے کا دایاں بازو ایک گاڑی سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں فیول ٹینک الگ ہو گیا۔ طیارہ ایک گاڑی کے عقب سے ٹکراتا ہوا دوسری گاڑی میں جا گھسا۔
حادثے کے نتیجے میں چند افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حفاظتی اقدامات کے طور پر متاثرہ سڑک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ شہریوں کو طویل ٹریفک جام سے آگاہ کیا گیا۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے مطابق طیارہ گینزویل کے لی گلمر میموریل ایئرپورٹ سے کینٹن کے چیروکی کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ جا رہا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پرواز کے کچھ ہی دیر بعد انجن میں خرابی سامنے آئی، جس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ تکنیکی خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

Leave a reply