امریکا نے ایران سے منسلک شپنگ نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

0
22
امریکا نے ایران سے منسلک شپنگ نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

امریکا نے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانےکیلیے ایک ایسے شپنگ نیٹورک کیخلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ ایرانی تیل کی فروخت اور مالی سرگرمیوں کو امریکی پابندیوں سے بچانے میں کردار ادا کر رہا تھا۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق تازہ پابندیاں محمد حسین شمخانی سے منسلک نیٹ ورک کو ہدف بناتی ہیں۔ واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ یہ نیٹ ورک ایران کو بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود تجارتی اور مالی سرگرمیاں جاری رکھنے میں معاونت فراہم کرتا رہا۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ حکومت ایسے مالیاتی اور تجارتی ڈھانچوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی جو امریکی قومی سلامتی اور عالمی بحری نقل و حمل کے لیے خطرہ سمجھی جانے والی سرگرمیوں میں مددگار ہوں۔

محکمہ خزانہ کے مطابق یہ اقدام ایران سے متعلق پہلے سے جاری پابندیوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک محمد حسین شمخانی کے نیٹ ورک سے وابستہ 200 سے زائد افراد، کمپنیوں اور بحری جہازوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔

ان پابندیوں کے نتیجے میں نامزد افراد اور اداروں کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں، جبکہ امریکی شہریوں اور کاروباری اداروں کے لیے ان کے ساتھ لین دین پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

دوسری جانب، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن کی جانب سے اس پیش رفت پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Leave a reply