افغانستان کے ہندوکش خطے میں 6.3 شدت کا زلزلہ، 7 افراد جاں بحق، 150 زخمی

افغانستان کے شمالی علاقوں میں ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے۔
مقامی حکام کے مطابق زلزلے کے باعث متعدد مکانات اور عمارتیں منہدم ہوگئیں اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
زلزلہ رات کے وقت آیا، جس کے باعث مزار شریف اور آس پاس کے علاقوں میں شہری خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 اور گہرائی تقریباً 28 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خُلم سے تقریباً 22 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ممالک ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے۔
یاد رہے کہ افغانستان اس سے قبل بھی تباہ کن زلزلوں کا سامنا کر چکا ہے۔ رواں سال اگست میں 6.0 شدت کے زلزلے نے دو ہزار سے زائد جانیں لے لی تھیں، جبکہ گزشتہ سال 2023 میں 6.3 شدت کے زلزلے اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں کم از کم چار ہزار اموات رپورٹ ہوئیں۔









