اسکول میں سزا کے بعد 13 سالہ طالبہ کی موت، ٹیچر گرفتار

مہاراشٹر کے وسائی شہر میں ایک اسکول میں 13 سالہ طالبہ کو دیر سے آنے پر سخت سزا دینے کے بعد اس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے واقعے کے بعد اس سزا دینے والی ٹیچر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ٹیچر ممتا یادو نے 10 منٹ لیٹ آنے پر طالبہ کو بیگ سمیت 100 اٹھک بیٹھکیں کرائیں، جس کے نتیجے میں اس کی حالت بگڑ گئی۔ بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا اور بعد میں اسے بائیکلہ کے جے جے اسپتال لے جایا گیا، لیکن ایک ہفتے کی کوششوں کے بعد وہ زندگی کی بازی ہار گئی۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ٹیچر کو صرف بڑی کلاسز پڑھانے کا اختیار تھا، لیکن وہ 8 ویں کلاس کے بچوں کو بھی پڑھا رہی تھی۔ مزید تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ اسکول کی عمارت مناسب سہولیات سے محروم اور جھونپڑی نما ہے۔ مقامی حکام نے پہلے اسکول کے دروازے پر اسے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انتباہی بورڈ بھی لگایا تھا، مگر اسکول انتظامیہ نے اسے چھپا دیا۔
پولیس اور متعلقہ حکام اس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔









