آٹا عام آدمی کی پہنچ سے باہر، قیمتوں میں مسلسل اضافہ

0
50
آٹا عام آدمی کی پہنچ سے باہر، قیمتوں میں مسلسل اضافہ

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ حالیہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلوگرام کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کی قیمت ملک میں سب سے زیادہ سطح پر پہنچ چکی ہے، جہاں 20 کلو کا تھیلا تقریباً 2 ہزار 893 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ اضافہ سرگودھا میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں آٹے کی قیمت میں 590 روپے تک اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ ملتان میں تقریباً 227 روپے، خضدار میں 200 روپے، بہاولپور میں 163 روپے اور کوئٹہ میں 140 روپے تک قیمت بڑھی۔
گوجرانوالہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 134 روپے اضافہ ہوا، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں قیمتیں 120 روپے تک بڑھ گئیں۔ کراچی، پشاور، سکھر اور لاڑکانہ میں 100 روپے تک اضافہ سامنے آیا، جبکہ حیدرآباد اور سیالکوٹ میں 80 روپے، بنوں میں 50 روپے اور لاہور میں 40 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ نرخوں کے مطابق راولپنڈی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا تقریباً 2 ہزار 866 روپے، پشاور میں 2 ہزار 850 روپے، بنوں میں 2 ہزار 800 روپے، کوئٹہ میں 2 ہزار 660 روپے اور کراچی میں 2 ہزار 600 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اس مسلسل اضافے نے پہلے سے مہنگائی کا شکار عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ شہری حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کی توقع کر رہے ہیں۔

Leave a reply