آسٹریلیا کی فوجی تاریخ میں اہم پیش رفت: پہلی بار خاتون کو آرمی چیف مقرر کرنے کا فیصلہ

آسٹریلیا نے اپنی فوجی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے پہلی بار ایک خاتون کو آرمی چیف بنانے کا اعلان کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سوزن کوئل جولائی میں آسٹریلوی آرمی کی قیادت سنبھالیں گی اور موجودہ آرمی چیف جنرل سائمن اسٹیورٹ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسٹریلوی ڈیفنس فورس میں خواتین کی شمولیت بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ادارے کو ماضی میں جنسی ہراسانی اور امتیازی سلوک جیسے مسائل کا بھی سامنا رہا ہے، جنہیں بہتر بنانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں۔
وزیر اعظم انتھونی البانیز نے اس تقرری کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی 125 سالہ فوجی تاریخ میں پہلی بار کوئی خاتون آرمی کی قیادت سنبھالے گی۔ وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے بھی اس اقدام کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
حکام کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف موجودہ خواتین فوجی اہلکاروں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے بلکہ آئندہ نسلوں کی خواتین کو بھی مسلح افواج میں شمولیت کی ترغیب دے گی۔







