کیا دانتوں کے مسائل بینائی کو متاثر کر سکتے ہیں؟

0
77
کیا دانتوں کے مسائل بینائی کو متاثر کر سکتے ہیں؟

اکثر لوگ دانت نکالنے سے آنکھوں کی روشنی متاثر ہونے کے خدشات رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ شدید درد کے باوجود دانت نہیں نکلواتے۔ تاہم ماہرین صحت اس تاثر کو محض غلط فہمی قرار دیتے ہیں۔
امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق دانت نکلوانے اور آنکھوں کی بیماری کے درمیان کوئی سائنسی تعلق نہیں پایا گیا۔
اگرچہ دانت نکلوانے کے بعد کچھ وقت کے لیے آنکھوں میں تھکن یا کھنچاؤ محسوس ہو سکتا ہے، لیکن یہ علامات دانت نکلوانے کی وجہ سے براہِ راست نہیں ہوتیں۔ زیادہ تر یہ کیفیت ذہنی دباؤ، بے چینی یا جسمانی تھکن کی وجہ سے ہوتی ہے۔
ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں افراد دانت نکلواتے ہیں اور اس کا آنکھوں کی بینائی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔ اگر واقعی ایسا تعلق ہوتا تو دندان سازی اور طب کے ماہرین اسے پہلے ہی تسلیم کر چکے ہوتے اور تحقیق موجود ہوتی۔
ڈینٹسٹ سندیپ نے ایک ویڈیو میں واضح کیا کہ دانت نکالنے سے آنکھوں کی روشنی کو نقصان پہنچنے کا تصور غلط ہے۔ آنکھوں اور دانتوں کے اعصاب کے راستے الگ ہیں، اس لیے بینائی متاثر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
کچھ صورتوں میں خاص طور پر عقل داڑھ نکلوانے کے بعد چہرے پر سوجن یا انفیکشن ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے آنکھوں کے اردگرد بھاری پن یا سوجن محسوس ہو سکتی ہے، لیکن یہ جسم کا قدرتی شفا یابی کا عمل ہے اور آنکھوں کی بینائی پر اثر نہیں ڈالتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دانتوں کے مسائل کو نظر انداز کرنا خطرناک ہو سکتا ہے، اس لیے افواہوں پر یقین کرنے کے بجائے مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

Leave a reply